حوزہ نیوز ایجنسی کے نامہ نگار کی رپورٹ کے مطابق شہر چالوس کے امام جمعہ حجت الاسلام و المسلمین جباری نے اس شہر میں خواہران کے دینی مدرسے کے بورڈ آف ڈائریکٹرز، اساتید اور طالبات کے درمیان گفتگو کرتے ہوئے امام حسین علیہ السلام کے ایام شہادت کی مناسبت سے تعزیت پیش کی اور اس مدرسہ میں تازہ وارد ہونے والی طالبات کی کامیابی کے لئے دعا کی۔
انہوں نے کہا: الہی معارف کی تبلیغ اور ترویج کرنا ہم طلاب کی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے مزید کہا: جس چیز کا ہم علم حاصل کرتے ہیں اس پر ہمیں عمل بھی کرنا چاہئے کیونکہ ہماری کلام معاشرے کی اصلاح کے لئے اس وقت ہی مؤثر ہو گی جب ہم خود اس پر عمل کرتے ہوں گے۔
حجت الاسلام و المسلمین جباری نے کہا: زندگی کی حقیقت یہ ہے کہ دین اور سیرت ائمہ معصومین علیھم السلام ہماری زندگی کا حصہ ہوں۔
انہوں نے کہا: انسان کا صرف دیندار ہونا اتنی بڑی بات نہیں ہے بلکہ کمال تو یہ ہے کہ انسان خود بھی دیندار ہو اور دوسروں تک بھی احادیث منتقل کرے۔
شہر چالوس کے امام جمعہ نے کہا: آپ طلاب دین فہمی کے لئے یہاں آتے ہیں اور پھر اپنی قوم، قبیلے اور رشتہ داروں میں جا کر ان کی دینی ضروریات کو پورا کرینگے اور یقیناً بشر کی مادی ضروریات سے معنوی ضروریات کہیں زیادہ اہم ہیں اور بشر کو ان کی زیادہ ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا: انسان کی روح اس کے جسم سے زیادہ حساس اور متأثر ہونے والی ہے اور روح کی ضروریات بھی جسم کی ضروریات سے زیادہ اور اہم ہیں پس ہمیں لوگوں کو آگاہ کرنا چاہئے کیونکہ قرآنی آیت کی روشنی میں ہماری ذمہ داری تبلیغ دین اور لوگوں کی خوشبختی اور سعادت کی طرف رہنمائی کرنا ہے۔
حجت الاسلام و المسلمین جباری نے آخر میں کہا: دین کے ساتھ زندگی بسر کرنے کی قدر و قیمت ہے۔ آپ کوشش کریں ہر صبح اور رات کے وقت تدبرّ کے ساتھ قرآن کریم کے چند صفحوں کی تلاوت کریں اور تعقیبات نماز اور دعاؤں کو فراموش نہ کریں۔
آپ کا تبصرہ